تازہ ترین

اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کا آغاز

اسلام آباد( سن نیوز): پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 ویں اجلاس جاری ہے۔پاکستان او آئی سی اجلاس سے ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مبصر ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تھیم اتحاد ، انصاف اور ترقی ہے۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہو گا۔وزراء خارجہ اجلاس میں او آئی سی کے 17ویں غیرمعمولی اجلاس کے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ معزز مہمان 23 مارچ کی یوم پاکستان کی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی بطور خصوصی مہمان اجلاس میں شریک ہیں۔ او آئی سی غیر رکن ممالک ، اقوام متحدہ ، عرب لیگ اور گلف کوآپریشن کے سینیئر نمائندگان بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دُنیا کی دوسری بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے اور دنیا بھر کے 57 مسلم ممالک اس کے رکن ہیں۔ او آئی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ہر سال اجلاس ہوتا ہے۔ پاکستان ،سعودی عرب، ترکی،افغانستان ، ایران ، انڈونیشیا ،ملائشیا،اردن،کویت ، لبنان ، لیبیا، الجزائر،چاڈ، مصر، یمن،سوڈان ،صومالیہ،فلسطین ،مراکش اور نائیجیریا بنیادی ارکان ہیں۔اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں اور پاکستان اس سے پہلے 1970، 1980، 1993 اور 2007 میں چار بار او آئی سی اجلاسوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں